پیر 3 اگست 2026 - 03:57
اربعین میں زائرین کی جسمانی ضروریات کے ساتھ شرعی رہنمائی کا بھی بھرپور انتظام؛ عمود نمبر 327 پر قائم کاروانِ ہند کے موکب میں مسائلِ شرعیہ کا خصوصی مرکز

حوزہ/ نجف اشرف سے کربلائے معلیٰ جانے والے راستے پر عمود نمبر 327 پر قائم کاروانِ ہند کے موکب میں زائرینِ اربعین کی جسمانی خدمت کے ساتھ ان کی شرعی و دینی رہنمائی کے لیے بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں حجۃ الاسلام والمسلمین عبداللہ عابدی نجفی نے حوزہ نیوز سے خصوصی گفتگو کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نجف اشرف سے کربلائے معلیٰ جانے والے راستے پر عمود نمبر 327 پر قائم کاروانِ ہند کے موکب میں جہاں زائرینِ امام حسینؑ کی خوراک، رہائش، طبی امداد اور دیگر ضروریات کا بھرپور انتظام کیا گیا ہے، وہیں ان کی دینی، فقہی اور اعتقادی رہنمائی کے لیے بھی مسائلِ شرعیہ کا خصوصی مرکز قائم کیا گیا ہے۔ اس مرکز میں نجف اشرف کے فاضل علما اور طلاب زائرین کے شرعی سوالات کے جوابات دے رہے ہیں۔ اس سلسلے میں حوزہ نیوز کے نمائندے نے ملک ہندوستان سے نجف اشرف میں مقیم حجۃ الاسلام والمسلمین عبداللہ عابدی نجفی سے خصوصی گفتگو کی۔

مولانا عبداللہ عابدی نجفی نے کہا کہ اربعینِ حسینی کے عظیم الشان اجتماع میں لاکھوں زائرین حضرت امام حسینؑ کی زیارت کی سعادت حاصل کرنے کے لیے نجف اشرف سے کربلائے معلیٰ کی جانب رواں دواں ہیں۔ دنیا بھر، خصوصاً ہندوستان، پاکستان، عراق، اسلامی جمہوریہ ایران اور دیگر ممالک کے ہزاروں موکب شب و روز زائرین کی خدمت میں مصروف ہیں اور ان کی جسمانی ضروریات، جیسے خوراک، رہائش، طبی سہولیات اور دیگر خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح زائرین کی جسمانی ضروریات کی تکمیل ضروری ہے، اسی طرح ان کی روحانی، فقہی اور اعتقادی رہنمائی بھی بے حد اہمیت کی حامل ہے۔ اسی مقصد کے تحت گزشتہ دس برس سے حوزۂ علمیہ نجف اشرف کی جانب سے مختلف مواکب میں علما اور طلاب عربی، فارسی اور دیگر زبانوں میں زائرین کے شرعی مسائل، استفتاءات، فقہی احکام اور اعتقادی سوالات کے جوابات دے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس سال پہلی مرتبہ حوزۂ علمیہ نجف اشرف، عتباتِ عالیات کے تعاون اور حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ) کی سرپرستی میں ہندوپاک کے مواکب پر اردو زبان میں بھی مسائلِ شرعیہ کے خصوصی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں نجف اشرف کے فاضل علما اور طلاب زائرین کے شرعی، فقہی، اعتقادی اور تاریخی سوالات کے جوابات دے رہے ہیں۔

مولانا عبداللہ عابدی نجفی نے کہا کہ اس سے قبل یہ خدمات زیادہ تر عربی، فارسی اور دیگر زبانوں تک محدود تھیں، جبکہ ہر سال نجف اشرف کے ہزاروں علما، اساتذہ اور طلاب مختلف مواکب میں زائرین کی دینی رہنمائی انجام دیتے ہیں۔ اردو زبان میں اس خدمت کا آغاز ہندوپاک سے آنے والے زائرین کے لیے ایک اہم اور خوش آئند اقدام ہے، جس سے وہ اپنی زبان میں دینی مسائل دریافت کر سکتے ہیں۔

انہوں نے زائرینِ اربعین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح وہ مواکب میں اپنی جسمانی ضروریات پوری کرتے ہیں، اسی طرح انہیں چاہیے کہ مسائلِ شرعیہ کے ان مراکز سے بھی بھرپور استفادہ کریں اور عبادات، زیارت، طہارت، نماز، فقہی احکام اور دیگر دینی امور سے متعلق اپنے سوالات ضرور دریافت کریں، تاکہ وہ مکمل آگاہی اور اطمینان کے ساتھ اپنے اعمال انجام دے سکیں۔

انہوں نے دعا کی کہ خداوندِ عالم تمام زائرینِ حضرت امام حسینؑ کی زیارت کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، انہیں صحیح دینی معرفت نصیب کرے اور اربعینِ حسینی کے اس عظیم عالمی اجتماع کو امتِ مسلمہ کے اتحاد، بیداری اور معرفتِ اہل بیتؑ کے فروغ کا ذریعہ قرار دے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha